
پاکستان نے جی ایم ٹی این اور انٹرنیشنل سکوک پروگرام کے لیے عالمی بینکوں کے کنسورشیم کا اعلان کر دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےواشنگٹن سے عالمی بینکوں کے سربراہان کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی جس میں پاکستان کے نئے عالمی فنانسنگ پروگرام پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
یورو بانڈز کے لیے سٹینڈرڈ چارٹرڈ، سٹی بینک، ڈوئچے بینک، ایمریٹس این بی ڈی اور ایم یو ایف جی منتخب ہوئے، انٹرنیشنل سکوک پروگرام کے لیے دبئی اسلامک بینک اور مشرق بینک سمیت پانچ عالمی بینک کنسورشیم میں شامل ہوگئے۔
پاکستانی روپے مالیت کے ڈالر سیٹلڈ بانڈز کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ، سٹی بینک اور ڈوئچے بینک کا انتخاب کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق منتخب کنسورشیم تین سال تک پاکستان کے عالمی بانڈز اور سکوک اجراء میں معاونت کریں گے،پہلی بار ایم یو ایف جی سیکیورٹیز ایشیا اور مشرق بینک کی شمولیت ہوچکی ہے،بہتر معاشی اشاریوں، مالیاتی نظم و ضبط اور اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت کا ہدف کم لاگت، متنوع فنڈنگ اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی مضبوط موجودگی قائم کرنا ہے،منتخب بین الاقوامی بینک آئندہ تین برس تک پاکستان کے یورو بانڈز، سکوک اور دیگر خودمختار عالمی بانڈز کے اجرا میں معاونت فراہم کریں گے، تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد حکومت ضرورت اور مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق عالمی بانڈز اور سکوک جاری کرے گی۔
وزارت خزانہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے خودمختار بانڈز پر رسک پریمیم میں نمایاں کمی آئی ہے،عالمی منڈیوں میں پاکستان کی کریڈٹ پروفائل مضبوط ہوئی ہے،عالمی سرمایہ کاروں کی وسیع شمولیت سے پاکستان کی طویل المدتی مالیاتی حکمت عملی کو مزید استحکام ملے گا۔






