
(بابر شہزاد تُرک) فیڈرل پبلک سروس کمیشن(ایف پی ایس سی) نے مسابقتی امتحان سی ایس ایس میں امیدواروں کی تعداد میں نمایاں کمی اور نوجوانوں کی سول سروس میں دلچسپی کم ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر درست اعدادوشمار پر مبنی نہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق دستیاب مستند ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ سول سروس میں شمولیت آج بھی پاکستانی نوجوانوں کا اہم خواب ہے، ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بعض حالیہ رپورٹس میں 2022 سے 2025 کے درمیان سی ایس ایس امیدواروں میں تقریباً 45 فیصد کمی کا تاثر دیا گیا تاہم یہ نتیجہ نامکمل اور غلط اعدادوشمار کی بنیاد پر اخذ کیا گیا، کمیشن کے مطابق ان رپورٹس میں نہ صرف 2022 کے اعدادوشمار درست انداز میں پیش نہیں کیے گئے بلکہ سی ایس ایس کے لازمی ایم پی ٹی (اسکریننگ ٹیسٹ) میں شریک ہونے والے ہزاروں امیدواروں کو بھی نظر انداز کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق 2025 میں ایم پی ٹی کے لیے 64 ہزار 81 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی جن میں سے 44 ہزار 445 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جبکہ 31 ہزار 265 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
بعد ازاں، تحریری سی ایس ایس امتحان کے لیے 18 ہزار 139 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، 12 ہزار 792 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، 354 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے، 342 امیدوار انٹرویو میں کامیاب قرار پائے اور آخرکار 170 امیدواروں کو مختلف سول سروسز میں الاٹ کیا گیا۔
ایف پی ایس سی نے مزید کہا کہ بعض رپورٹس میں خصوصی سی ایس ایس 2023 کے نتائج کو بھی نظر انداز کیا گیا، حالانکہ وفاقی حکومت کے خصوصی اقدام کے تحت اس امتحان کے ذریعے 141 امیدواروں، جن میں خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار شامل تھے کو مختلف سروسز میں الاٹمنٹ دی گئی، جس کے اثرات بعد کے برسوں کے اعدادوشمار پر بھی مرتب ہوئے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ ایم پی ٹی کے ذریعے ہر سال ہزاروں نوجوانوں کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سول سروس میں شمولیت کا جذبہ بدستور موجود ہے، ایف پی ایس سی نے میڈیا سے گزارش کی ہے کہ اس نوعیت کی اہم رپورٹس شائع کرنے سے قبل درست اعدادوشمار، مکمل حقائق اور مناسب تجزیے کو یقینی بنایا جائے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن مستند معلومات کی فراہمی اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ وفاقی بیوروکریسی میں اعلٰی سطح کے تقرر و تبادلے، اویس منظور سمرا سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن تعینات






