20

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات، امن و امان پر اہم فیصلے

کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بلوچستان پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ صوبے کی پولیس کو مضبوط بنانے سے متعلق فیصلوں پر پیش رفت تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ بحالی امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ امن و امان کی حکمت عملی میں سابق سربراہان بلوچستان پولیس کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ وفاق اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میرٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں کا اعتماد بحال اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، بلوچستان میں دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔ وفاق کے تعاون سے صوبے میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں