4

’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘کیلئے چین میں 2 عالمی اعزازات 

(ویب ڈیسک)پاکستانی بلاک بسٹرفلم’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘نے چین میں منعقدہونےوالے ساتویں جیکی چن انٹرنیشنل ایکشن فلم ویک میں دو اعزازات اپنے نام کر لیے۔
شاہکار فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے انسٹاگرام پراس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اختتامی تقریب کی تفصیلات شیئر کیں جہاں فلم کو اسپیشل جیوری ایوارڈ اور بہترین آرٹ ڈائریکشن کا ایوارڈ دیا گیا۔
بلال لاشاری نے کہا کہ فلم کا ’’مورٹل کومبیٹ 2 ‘‘اور ’’دی فیوریس‘‘ جیسی فلموں کے ساتھ اعزاز حاصل کرنا ناقابلِ یقین ہے،تقریب کے دوران مسلسل بارش کے درمیان کھلے آسمان تلے قائم اسٹیج پر میں نے ایوارڈز وصول کیے۔

بلال لاشاری نے مزیدلکھا کہ جب میں مائیک تک پہنچا تو مکمل طور پر بھیگ چکا تھا، جبکہ ایک اجنبی شخص نے میرے لیے چھتری تھام رکھی تھی، بارش کی وجہ سے ٹرافی سے پانی ٹپک رہا تھا اور پس منظر میں میدان روشنیوں سے جگمگا رہا تھا،آرٹ ڈائریکشن کا ایوارڈ میرے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ اعزاز میرا نہیں بلکہ پروڈکشن ڈیزائنرز نمسہ عباسی اور حمزہ باجوہ کا ہے جنہوں نے فلم کے لیے ایک پوری دنیا تخلیق کی۔
جیکی چن کے نام سے منسوب اس ایوارڈ شو کے حوالے سے بلال لاشاری نے کہا کہ میں جیکی چن کی فلمیں دیکھتا ہوا بڑا ہوا ہوں، پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جیکی چن کے نام سے منسوب اسٹیج پر کھڑا ہونا ایک خواب جیسا محسوس ہو رہا تھا،جیکی چن سے ذاتی طور پر ملاقات اور ان کی جانب سے مبارک باد وصول کرنا ایسی بات تھی جس کا میں نے فلم کا منصوبہ شروع کرتے وقت کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
بلال لاشاری نے پروڈیوسر ندیم مانڈوی والا اور ان کی اہلیہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں چین میں فلم کے سفر کے دوران اپنا ساتھی قرار دیا، انہوں نے اپنی کامیابی پاکستان کے نام کردی۔

یہ بھی پڑھیں: اظفر علی نے تیسری شادی کا اعلان کر دیا،اہلیہ کون؟
1979 کی مقبول کلاسک فلم کے ریبوٹ ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی کے علاوہ حمائمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع اور علی عظمت بھی اہم کرداروں میں جلوہ گرہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں