
(24نیوز)14سال بعد اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔
اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب منعقدہوئی جس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے،وقت کے مطابق پولیس کی ضروریات کو پورا کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں،نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کو عوام کی حفاظت اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کر سکے گی،اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے جو جلد مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزیدکہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ہماری ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے،الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کاپاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں ،اسلام آباد پاکستان کا دارلحکومت ہے اور یہیں سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج جاتا ہے،نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کئے جا رہے ہیں، جس میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے،ان تمام اقدامات سے ہم اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کیلے ماڈل بنائیں گے،یہ ساری تبدیلی صرف گزشتہ 2 سال میں آئی ہے۔






