
(ویب ڈیسک )ایئر انڈیا کی ایئربس A320 پرواز میں دورانِ سفر اچانک ہائیڈرولک پریشر ختم ہونے کے باعث طیارے کے اہم فلائٹ کنٹرولز تقریباً چار سیکنڈ تک غیر مؤثر ہوگئے، جس کے نتیجے میں طیارہ تقریباً 300 فٹ نیچے آگیا اور 24 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ 4 اگست کو ایئر انڈیا کی پرواز AI2379 میں پیش آیا، جو تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی جارہی تھی،طیارہ بعد ازاں بحفاظت دہلی ایئرپورٹ پر اتر گیا۔
ایئربس کی ابتدائی تکنیکی جانچ کے مطابق طیارے کے تینوں ہائیڈرولک سسٹمز میں انتہائی مختصر وقفے کے دوران دباؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ہائیڈرولک سسٹمز طیارے کے فلائٹ کنٹرولز سمیت مختلف اہم آلات کو طاقت فراہم کرتے ہیں۔
ایئربس کے مطابق تقریباً چار سیکنڈ تک پائلٹس ایلیویٹرز اور ایلیرونز استعمال نہیں کرسکے۔ یہ کنٹرولز طیارے کو اوپر یا نیچے کرنے اور دائیں یا بائیں جھکانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے متعلق سنی دیول کا بیان!دل کی بات آخرکار زبان پر لے آئے
اس دوران طیارے کا اگلا حصہ اوپر کی جانب اٹھنے لگا۔ فرسٹ آفیسر نے طیارے کو نیچے لانے کے لیے مکمل کنٹرول ان پٹ دیا، تاہم ابتدائی طور پر فلائٹ کنٹرول سرفیسز کی جانب سے براہِ راست ردعمل سامنے نہیں آیا۔ چند سیکنڈ بعد ہائیڈرولک سسٹمز بحال ہوگئے۔
ایئربس کی ابتدائی رپورٹ میں تاحال یہ تعین نہیں ہوسکا کہ ہائیڈرولک پریشر میں کمی کی اصل وجہ کیا تھی۔
طیارہ ساز کمپنی نے ایئر انڈیا کو ہائیڈرولک سسٹمز، پریشر سینسرز اور سوئچز کے ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بعض سینسرز کو مزید معائنے کے لیے نکالنے اور وائرنگ کی اضافی جانچ کا بھی کہا گیا ہے۔
ایئربس کے مطابق اچانک بلندی میں تبدیلی کے دوران طیارے پر مقررہ حد سے زیادہ قوت بھی پڑی، جس کے باعث ممکنہ ساختی نقصان کا جائزہ لینے کے لیے طیارے کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارتی حکام نے واقعے کو سنگین واقعہ (Serious Incident) قرار دے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو تحقیقات کررہا ہے، جبکہ ایئربس اور فرانس کا بی ای اے تکنیکی معاونت فراہم کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد طیارے کے کپتان کے منشیات کے ٹیسٹ میں چرس کی موجودگی کی تصدیق بھی ہوئی، تاہم اب تک اس ٹیسٹ کے نتیجے اور طیارے کی بلندی میں اچانک کمی کے درمیان کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ ایئر انڈیا نے بعد ازاں اپنے تمام پائلٹس کی ممنوعہ اشیا کے لیے لازمی جانچ شروع کردی ہے۔
یہ واقعہ ایئر انڈیا کے لیے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی پہلے ہی حفاظتی اور ریگولیٹری نگرانی کے دباؤ کا سامنا کررہی ہے۔ جون 2025 میں احمد آباد میں ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 طیارے کے حادثے میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔






