
(طیب سیف)صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کی تشکیل چاہتے ہیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 2010 سے ہزارہ صوبے کے لیے آوازیں بلند ہورہی ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ صوبے کی اہم سیاسی جماعتیں بھی ہزارہ صوبے کے قیام کی خواہاں ہیں۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ہزارہ صوبے کے مطالبے کے ساتھ ہے، جبکہ پنجاب اور سندھ میں بھی خیبرپختونخوا کی طرح نئے صوبوں کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے تحاشا اضافے کے باعث نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کی بھی حمایت کرتی ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے ذریعے عوام کے مسائل کا حل ضروری ہے، یہ ایک قومی مسئلہ ہے جسے مصلحت یا سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کو چار چار انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے میں کوئی حرج نہیں، جبکہ ملکی مفاد میں مثبت تجویز کسی بھی پلیٹ فارم سے آئے تو اسے خوش آمدید کہنا چاہیے۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ موجودہ حالات ملک بھر میں نئے ’’ورکنگ آرڈر‘‘ کے متقاضی ہیں اور ہمیں دور حاضر کے تقاضوں اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ہر فورم پر نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی اور سیاستدانوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے نئے صوبوں کی ’’اونرشپ‘‘ لینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کئی ممالک کم آبادی کے باوجود پاکستان سے کہیں زیادہ صوبے رکھتے ہیں، اس لیے اپنی ’’چوہدراہٹ‘‘ بچانے کے بجائے عوام کے مسائل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔






