
(24 نیوز )گلستان تھیٹر میں ڈراما ایکٹ کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں اداکاراؤں کی ڈانس پرفارمنس کے دوران نوٹ نچھاور کرنا معمول بن چکا ہے۔
’’ سٹی فورٹی ٹو‘‘ نے گلستان تھیٹر میں ہونے والی ڈراما پرفارمنسز کی ویڈیوز حاصل کر لی ہیں، جن میں ڈراما ایکٹ کی خلاف ورزی کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، گلستان تھیٹر کو اس سے قبل بھی ڈراما ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔
اداکارہ شمع ناز پر بھی اسی تھیٹر میں دورانِ ڈراما پرفارمنس تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد تھیٹر کا لائسنس تین ماہ کے لیے منسوخ کیا گیا تھا۔ تاہم پندرہ روز بعد مالکان کی جانب سے ایفی ڈیوٹ جمع کروانے پر تھیٹر دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔
اب ایک بار پھر ڈراما ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے گلستان تھیٹر کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ تھیٹر میں ڈراما پرفارمنسز کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کونسل کی جانب سے مزید کارروائی بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے قطر میں قید تین پائلٹوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا






