2

یورپ کا دروازہ کھلنے کی افواہ! سینکڑوں تارکین وطن سرحد پر پہنچ گئے

( ویب ڈیسک )مراکش کے راستے اسپین کے خودمختار علاقے سیوتا میں داخل ہونے کی نئی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، جبکہ 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مراکش کے شہر فنی دق میں سیکڑوں تارکین وطن سرحد کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے بعد مراکشی پولیس اور اسپین کی سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی۔

نئی اجتماعی بارڈر کراسنگ کے خدشے کے پیش نظر اسپین نے اضافی فوجی اور سکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں، جبکہ مراکش کی جانب بھی پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔ سرحد پر رکاوٹیں اور خاردار تاریں بھی نصب کی گئیں۔

مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی نئی غیر قانونی سرحدی کراسنگ کی کوشش کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔

یہ سکیورٹی اقدامات سوشل میڈیا اور آن لائن فورمز پر گردش کرنے والی ان افواہوں کے بعد کیے گئے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 15 اگست کو سیوتا کی سرحد کھول دی جائے گی۔

 یہ بھی پڑھیں:نئے گھروں کی تعمیر !حکومت نے خوشخبری سنا دی

اسپین نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے سرحد پر اضافی اہلکار تعینات کیے۔ ہسپانوی سول گارڈ کے مطابق سرحد کھلی نہیں ہے اور نہ ہی اسے کھولا جائے گا۔

سیوتا اور میلیلا افریقہ میں واقع اسپین کے دو خودمختار علاقے ہیں اور یورپی یونین کی افریقہ کے ساتھ واحد زمینی سرحدیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھی بڑی تعداد میں تارکین وطن نے سیوتا میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جس کے دوران جانی نقصان ہوا۔ حالیہ صورتحال کے بعد دونوں جانب حکام نے کسی بھی نئی اجتماعی بارڈر کراسنگ کی کوشش کو روکنے کے لیے سکیورٹی بڑھا دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں