
(24نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مکہ دفاعی معاہدے پر ردعمل سامنے آگیا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے حال ہی میں بالآخر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ مشرقِ وسطیٰ متحد ہو رہا ہے اور ممالک آخرکار زیادہ مؤثر انداز میں اپنا دفاع کرنے کے قابل ہوں گے۔
امریکی صدر نے تینوں ممالک کی عظیم قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم ہے۔
علاوہ ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں نمایاں طور پر کم کرنے کی ہدایت کر دی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں شمالی کوریا کیلئے نامناسب اور مخالفانہ پیغام بھیجتی ہیں، مشترکہ فوجی مشقوں پر امریکا کے بھاری اخراجات بھی ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران، امریکا کشیدگی :عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
انہوں نے شمالی کوریا کے صدر کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا نے ان کے دورِ صدارت میں امریکا کیلئے کوئی خطرہ پیدا نہیں کیا اور احترام کا مظاہرہ کیا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ جنوبی کوریا نے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کوشش میں امریکا کے ساتھ شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔






