
(24 نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کیلئے چہرہ شناخت حاضری کا آغاز ہوگیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن سندھ کے تحت سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی ڈیجیٹل حاضری لگائی جائے گی، فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم کا پائلٹ مرحلہ آج سے شروع ہوگیا ۔
ابتدائی طور پر صوبے کے 6 اضلاع میں چہرہ شناخت حاضری کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جن میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہروفیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 49 ہزار 565 تدریسی اور نان ٹیچنگ ملازمین کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ ہوگی۔
مزید پڑھیں:پورٹ قاسم میں 400 ایکڑ پر گارمنٹس سٹی قائم کرنے کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ اساتذہ اپنی حاضری کے لیے کسی کے بھی موبائل فون سے ایپ استعمال کرسکیں گے، انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی صورت میں بھی حاضری درج کی جاسکے گی۔
حاضری لگانے کے بعد انٹرنیٹ بحال ہونے پر ریکارڈ خودکار طور پر اپڈیٹ ہوجائے گا، سکول آمد اور روانگی کی انٹری سسٹم میں کرنا لازمی ہوگی، اساتذہ اپنی حاضری کا ریکارڈ ایپلی کیشن کے ذریعے دیکھیں گے۔
اساتذہ ماہانہ ریکارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی کی درخواست بھی آن لائن جمع کراسکیں گے، ایپلیکیشن کے استعمال کیلیے انتظامی افسران، اسکول سربراہان اور اساتذہ کی تربیت مکمل کی گئی تھی۔






