
(24 ںیوز)چیف جسٹس پاکستان سے انگلینڈ اینڈ ویلز ہائیکورٹ کے جج جسٹس مارٹن گریفتھس نے ملاقات کی ہے۔
سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق جسٹس مارٹن گریفتھس ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں،جسٹس مارٹن گریفتھس جوڈیشل کالج کی ویلز ٹریننگ کمیٹی کے چیئرمین اور انر ٹیمپل کی انٹرنیشنل کمیٹی کے رکن ہیں۔
ملاقات میں جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شریک ہوئے،صدر سپریم کورٹ بار اور ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن پاکستان بار نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے عدالتی و قانونی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا،عدالتی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور استعدادِ کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر غور ہوا۔
وفاقی جوڈیشل اکیڈمی اور جوڈیشل کالج آف انگلینڈ اینڈ ویلز کے درمیان منظم تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا،ملاقات میں تربیتی طریقہ کار، ادارہ جاتی تجربات اور بہترین عدالتی روایات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ انر ٹیمپل اور پاکستان کی قانونی برادری کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، چیف جسٹس پاکستان نے برطانیہ کے عدالتی اور قانونی اداروں کے ساتھ روابط کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں بھی سونا اور چاندی مہنگا، فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟






