4

معروف اداکارہ  36 برس کی عمر میں  چل بسیں

( ویب ڈیسک )ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے نمائندے نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کردی، تاہم فوری طور پر موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔

ہیڈن پنیٹیئر نے بطور چائلڈ اسٹار اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور ٹی وی اور فلموں میں طویل عرصے تک کام کیا۔ انہیں مقبول ٹی وی سیریز ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ اور میوزیکل ڈراما سیریز ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کے کردار سے عالمی شہرت ملی۔

ہیڈن پنیٹیئرکے والد اسکیپ پنیٹیئرنے ایک بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان اپنی اس ناقابلِ تصور جدائی کو قبول کرنے کیلئے وقت چاہتا ہے، اس لیے نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

ان کے والد نے بیٹی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈن ایک غیر معمولی روشنی اور مضبوط شخصیت کی مالک تھیں، جو اپنے جاننے والوں سمیت پردہ اسکرین پر انہیں دیکھنے والے لاکھوں افراد کیلئے بے شمار محبت اور خوشیاں لے کر آئیں۔

 یہ بھی پڑھیں:تین بڑے اداکار، ایک متنازع اشتہار اور  پھر نوٹس،بالی ووڈ میں ہلچل مچ گئی

اداکارہ نے ’ریممبر دی ٹائٹنز‘، ’ریزنگ ہیلن‘، ’آئس پرنسس‘ اور ’اسکریم 4‘ سمیت متعدد فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ ’اسکریم‘ فرنچائز میں کربی ریڈ کے کردار میں بھی دوبارہ نظر آئیں، جس کی فلم 2023 میں ریلیز ہوئی۔

ہیڈن پنیٹیئر اپنی ذاتی زندگی کے مشکل تجربات کے بارے میں بھی کھل کر بات کرتی رہی تھیں۔ رواں سال مئی میں ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’دِس اِز می: اے ریکننگ‘ شائع ہوئی، جس میں انہوں نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن، نشے، بحالی، صدمے، گھریلو تشدد اور اپنے ذاتی دکھوں کا ذکر کیا۔

 اداکارہ نے 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران شراب نوشی اور پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے اپنی جدوجہد پر بھی بات کی تھی۔

ہیڈن پنیٹیئر ایک بیٹی کی والدہ تھیں۔ ان کی بیٹی کا نام کایا کلِتھچکو ہے، جو 2014 میں ان کے سابق منگیتر اور سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن ولادیمیر کلِتھچکو کے ہاں پیدا ہوئی۔

ہیڈن پنیٹیئر کے انتقال سے چند روز قبل ہی ان کی 37ویں سالگرہ تھی۔ ان کے بھائی جانسن پنیٹیئر بھی فروری 2023 میں 28 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں