
(ویب ڈیسک)سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی اور بحری آمدورفت میں رکاوٹ کے باعث بعض ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز کے باہر سے خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آرامکو بعض خریداروں سے نجی مذاکرات کررہی ہے اور عرب میڈیم اور عرب ہیوی خام تیل متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے قریب سمندر میں جہاز سے جہاز منتقلی کے ذریعے فراہم کرنے کی بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تیل ستمبر میں لوڈ کیا جانا ہے، اس اقدام کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر ایشیائی خریداروں تک خام تیل پہنچانا ہے، جہاں سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد شپنگ کمپنیاں اپنے جہاز بھیجنے سے گریز کررہی ہیں۔
سعودی آرامکو نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، کمپنی پہلے ہی عرب لائٹ خام تیل کی کچھ برآمدات بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع منتقل کرچکی ہے، جبکہ مصر کی بحیرہ روم کی بندرگاہ سیدی کریر سے بھی تیل کی فراہمی کی پیشکش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر انٹرن شپ 2026 کے 6150 سے زائد طلبہ کیساتھ خصوصی نشست
رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں جاری رکاوٹوں نے بھارت سمیت اہم ایشیائی منڈیوں میں آرامکو کے تیل کی فروخت کو متاثر کیا ہے، دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے خلیج کے اندر سے خام تیل ہرمز سے باہر پہنچا کر اپنی برآمدات جاری رکھی ہیں۔






