3

گلگت بلتستان میں مالیاتی سال 2026-27 کے غیر ترقیاتی بجٹ پر اہم فیصلوں کا اعلان

(حاشر احسن )وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے مالیاتی سال 2026-27 کے غیر ترقیاتی بجٹ پر اہم فیصلوں کا اعلان کر دیا،  تمام سرکاری محکموں میں ٹی اے، ڈی اے اور فیول الاؤنسز میں نمایاں کمی کی تجویز  دی گئی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی سے سالانہ تقریباً 2 ارب روپے کی بچت ہوگی،بچت سے حاصل ہونے والی رقم صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں پر خرچ کی جائے گی۔

امورِ نوجوانان اور پبلک سروس ڈیلوری کے نظام پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا،  تاریخ میں پہلی بار ہسپتالوں کے لیے 75 کروڑ روپے کی ادویات کا بجٹ مختص کیا گیا۔
ادویات کی خریداری کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے نظام کو سینٹرلائز کیا جا رہا ہے،مالی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ادائیگیوں کا پورا سسٹم آن لائن کیا جائے گا،ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے بجٹ میں خاطر خواہ اور نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

 تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے سکول ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ میں بھی توسیع  جبکہ گلگت بلتستان کے ملازمین کو صوبائی حکومت کی رقم سے HBA اور MCA دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

چھوٹے سرکاری ملازمین کو گھروں کی تعمیر میں مدد کے لیے 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی، حکومتی سطح پر کفایت شعاری کے تحت سرکاری امور کے لیے ہائبرڈ گاڑیاں متعارف ہوں گی،قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے تمام پرانی سرکاری گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا، ​یوتھ اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بجٹ میں خطیر فنڈز رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے،تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو سکالرشپس ملیں گی، صوبائی ریونیو اور آمدن میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات اور اصلاحات کا نفاذکیا جائے گا۔

عوام کی فلاح و بہبود اور وسائل کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، وزیر اعلیٰ کی سیکریٹری خزانہ سے بریفنگ کے موقع پر معاشی اصلاحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں فرانسیسی سفیر کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے  الوداعی ملاقات

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں