5

راولپنڈی ،اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے

(ارشد قریشی،حاصر وڑائچ، فاران یامین،رمشاء اسمائیل،اشتیاق ربانی)راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے سے طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے،نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے جبکہ ریسکیو 1122 سمیت امدادی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 18 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر سطح آب 17 فٹ ریکارڈ کی گئی اور اس میں مسلسل اضافہ جاری ہے، اس سے قبل کٹاریاں میں پانی کی سطح 15 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 9 فٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔

رات ساڑھے 11 بجے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے بعد نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی، سیدپور میں 66 ملی میٹر، بوکرا میں 65 ملی میٹر جبکہ کیچمنٹ میں اوسطاً 57.97 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ تاہم تازہ وقفے کے دوران مزید بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے، انتظامیہ اور امدادی اداروں کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کو نالہ لئی اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:متحدہ عرب امارات کا ایران کے ساتھ تجارت اور مالی لین دین معطل کرنے کا اعلان

دوسری جانب اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز اور نواحی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 65 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور میں موسم جزوی ابر آلود ہے اور بارش کا امکان برقرار ہے، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث حبس میں کمی آئی ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 85 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:ایران نے آبنائے ہرمزکھولنے کیلئے امریکا کو مطالبات کی فہرست تھمادی

شکرگڑھ اور گردونواح میں بھی رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، اخلاص پور، چھمال، نورکوٹ، عیسیٰ سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ متاثرہ شہری گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔

کراچی میں موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب ہے اور محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری رہنے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، شہر میں جنوب مغرب سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ نمی کا تناسب 68 فیصد ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کی فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تسلی بخش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں