5

فقیر محمد لاکھو کی قونصلر جنرل عمان سے ملاقات،جدید امتحانی نظام اور آئی ٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ پر تبادلہ خیال

(زبیر راشد)چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے قونصل جنرل سلطنت عمان کی دعوت پر عمان کے قونصلیٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قونصل جنرل سلطنت عمان انجینئر سمیع عبداللہ الخنجاری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان تعلیم، جدید امتحانی نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے قونصل جنرل کو آگاہ کیا۔ چیئرمین بورڈ نے خصوصی طور پرای مارکنگ (E-Marking)نظام کے بارے میں بتایا کہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے امتحانی کاپیوں کی جانچ کے روایتی طریقہ کار کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ای مارکنگ کا آغاز کردیا ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے امتحانی جوابی کاپیوں کی ڈیجیٹل مارکنگ، نگرانی اور ریکارڈ مینجمنٹ کو زیادہ منظم اور شفاف بنایا جارہا ہے، جس سے مارکنگ کے معیار کو بہتر بنانے، انسانی غلطیوں کے امکانات کم کرنے اور نتائج کی تیاری کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر قونصل جنرل سلطنت عمان نے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کو آئی ٹی کے شعبے میں معاونت اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس تعاون کے تحت جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سسٹمز اور امتحانی عمل میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے باہمی تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

 چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے عمان کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید آئی ٹی سہولیات اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے بورڈ کے ڈیجیٹل اور امتحانی نظام کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ملاقات کے اختتام پر قونصل جنرل سلطنت عمان انجینئر سمیع عبداللہ الخنجاری نے چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔چیئرمین بورڈ نے بھی قونصل جنرل سلطنت عمان کو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے دورے کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں:ای سی سی نے1 لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں