
(24نیوز)ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی حماقتوں نے دنیا کے کئی ممالک میں ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش کو بڑھا دیا ہے۔
محسن رضائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ نے جوہری سلامتی کو مضبوط کرنے کے بجائے دنیا میں جوہری عدم تحفظ پیدا کیا، ایران نے بین الاقوامی حفاظتی اقدامات اور جوہری ضوابط کی پاسداری کی تاہم امریکا کے اقدامات نے مذاکرات، سفارتکاری اور بین الاقوامی معاہدوں پر اعتماد کو نقصان پہنچایا۔
ایرانی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ آج کا ایران جنگ سے پہلے والا ایران نہیں ہے اور امریکا کے ساتھ حالیہ جنگ سے حاصل ہونے والے تجربات کو مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جنگ کے دوران استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے علاقائی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ملک نے ایران کے خلاف امریکا کی معاشی جنگ میں تعاون کیا تو ایران اس کے مفادات کو نشانہ بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے،محسن رضائی نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر علاقائی ممالک امریکا کا ساتھ دیتے ہیں تو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جڑواں شہروں میں شدید بارش،پانی گھروں میں داخل ہوگیا
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ امریکا نے مذاکرات، سفارتکاری اور اپنے کیے گئے وعدوں کو نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث ایران کو اپنی دفاعی اور سفارتی حکمت عملی میں تبدیلی لانا ہوگی۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، معاشی پابندیوں اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تنازع برقرار ہے۔






