
(24 نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئی، قومی اسکواڈ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براستہ دوحہ اور لندن ویسٹ انڈیز پہنچے گا۔
روانگی سے قبل قومی ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روزہ بھرپور تربیتی کیمپ میں حصہ لیا، جبکہ کھلاڑیوں کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے دو روزہ سیناریو بیسڈ پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا۔
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچنے کے بعد 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی تاکہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچ 25 جولائی سے 10 اگست کے دوران کھیلے جائیں گے۔ یہ مقابلے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول میں ہوں گے، جبکہ قومی ٹیم پورٹ آف اسپین اور ٹوروبا میں قیام کرے گی
پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں۔
Pakistan Test squads announced for West Indies and England tours
Read more ➡️ https://t.co/vjvoSPBfBP#WIvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/6O5NS9qT8p
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) July 5, 2026
واضح رہے کہ شان مسعود تین سال کپتانی کرنے کے بعد کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کے ساتھ جارہے ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 25 جولائی اور دوسرا ٹیسٹ 2 اگست سے کھیلا جائے گا۔
علم میں رہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے بعد تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے انگلینڈ پہنچے گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیم کے درمیان ٹیسٹ میچز 19 اگست ، 27 اگست اور 9 ستمبر سے کھیلے جائیں گے۔






