10

طب کی تاریخ کا انوکھا واقعہآنکھ کے اوپر دانت نکل آئے

(ویب ڈیسک)بھارت میں 16 سالہ لڑکے کی بائیں آنکھ کے اوپری حصے میں دانت نکلنے کا نایاب واقعہ سامنے آیا ہے جسے طبی ماہرین نے اپنی نوعیت کا پہلا معلوم کیس قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 16 سالہ لڑکا بائیں آنکھ کے اوپر بغیر کسی درد کے سوجن کی شکایت کے ساتھ ہسپتال پہنچا تھا۔

 کچھ عرصے بعد اس کی بھنوؤں اور پلک کے درمیان جلد سے 2 سخت، سفید نوکیں نمودار ہو گئیں۔

 ڈاکٹروں نے معائنے اور سی ٹی سکین کے ذریعے تصدیق کی کہ اس کی آنکھ کے خانے کے بالائی حصے میں مکمل دانت موجود ہیں۔

اس غیر معمولی کیفیت کو طبی زبان میں ’ایکٹوپک ٹوتھ‘ کہا جاتا ہے جس میں دانت منہ کے بجائے جسم کے کسی دوسرے حصے میں نشوونما پاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 3 افراد زخمی

 اس سے پہلے ناک کے حصوں اور ’تالو‘ (منہ کی چھت، Palate) میں دانت ملنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں تاہم آنکھ کے خانے میں دانت ملنے کا دنیا بھر سے سامنے آنے والا یہ پہلا واقعہ ہے۔

بھارتی ڈاکٹروں کے مطابق لڑکے کو چہرے پر چوٹ لگنے یا کسی جینیاتی بیماری کی کوئی سابقہ تاریخ نہیں ملی ہے جبکہ سکین میں کھوپڑی کے کسی دوسرے حصے میں اضافی دانت بھی نہیں ملا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ماہرین تاحال اس غیر معمولی کیفیت کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے دانت کامیابی سے نکال دیے ہیں جس سے سوجن ختم اور مستقبل میں پیچیدگیوں کا خطرہ بھی کم ہو گیا ہے۔

اس کیس کی تفصیلات امریکی اکیڈمی آف آپتھلمولوجی کے طبی جریدے میں بھی شائع کی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں