یاسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار ایک بار پھر تبدیل کردیا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے تمام آئل ریفائنریز کے لیے نیا فارمولا جاری کردیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی درآمدی قیمت کا تعین اب پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے اصل درآمدی کارگو کی لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے طریقہ کار میں پی ایس او کے اصل درآمدی کارگو کی لاگت دستیاب نہ ہونے کی صورت میں آخری درآمدی کارگو کا پریمیم اور اضافی اخراجات استعمال کیے جاسکیں گے۔ ریفائنریز کو آئندہ 30 روز تک پیٹرول کی قیمت 7 مارچ 2026 کی سطح پر مقرر کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
نئے فارمولے کے تحت ریفائنریز پریمیم، اضافی اخراجات اور کسٹمز ڈیوٹی کو بھی 7 مارچ کی سطح پر برقرار رکھ سکیں گی۔ تاہم درآمدی قیمت اور ایکس ریفائنری قیمت کے درمیان فرق ریفائنریز کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کرانا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کا فائدہ صرف پیٹرول صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔ اگر اس مد میں قیمت میں کمی کی گنجائش پیدا ہوتی ہے تو اس کا فائدہ براہ راست پیٹرول استعمال کرنے والے صارفین کو ملے گا۔






