5

وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے حصے پر عملدرآمد کے لیے وزیراعظم کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، سینیٹر جان محمد بلیدی

وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے حصے پر عملدرآمد کے لیے وزیراعظم کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، سینیٹر جان محمد بلیدی
اسلام آباد۔
نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے مقررہ حصے پر عملدرآمد کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے باقاعدہ تقرریوں کے احکامات جاری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی ملازمتوں میں ان کا جائز حق فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی ڈیولوشن کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے کنوینر سینیٹر ضمیر احمد گھمرو، رکن سینیٹر جان محمد بلیدی اور رکن پونجو بیل نے وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے مقررہ حصے پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت کو سفارشات ارسال کی تھیں۔ ان سفارشات پر وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام وفاقی محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ملازمتوں میں بلوچستان کے حصے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں، جس کے نتیجے میں مختلف وفاقی محکموں کی جانب سے بھرتیوں کے اشتہارات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ڈیولوشن کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں انہوں نے اس اہم نکتے کی نشاندہی کی کہ وفاقی اداروں میں بلوچستان کے حصے کے تحت مختص ہونے والی ملازمتیں مستقل نوعیت کی ہیں، تاہم بعض محکموں کی جانب سے جاری کردہ اشتہارات میں ان آسامیوں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر ظاہر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان کے حصے میں آنے والی ملازمتوں کی نوعیت اور شرائط مقررہ پالیسی کے مطابق ہونی چاہئیں۔
سینیٹر جان محمد بلیدی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ گھمبیر صورتحال اور نوجوانوں کو درپیش معاشی مشکلات کے پیش نظر وفاقی ملازمتوں کے دروازے کھولنا اور صوبے کے حصے میں موجود کمی کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ایک قابلِ قدر پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور احساسِ محرومی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیولوشن کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ وفاقی ملازمتوں میں صوبوں کے حصے پر عملدرآمد کی گریڈ وار تفصیلات کمیٹی کو فراہم کی جائیں، تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ گریڈ 1 تا 16، گریڈ 17 تا 19 اور گریڈ 20 تا 22 میں صوبائی کوٹے پر کس حد تک عملدرآمد کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شفاف اور جامع معلومات کی فراہمی ضروری ہے تاکہ صوبوں کے مقررہ حصے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ڈیولوشن کمیٹی کے کنوینر سینیٹر ضمیر احمد گھمرو، رکن سینیٹر جان محمد بلیدی اور رکن پونجو بیل کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں وفاقی ملازمتوں میں صوبائی کوٹے پر عملدرآمد کا عملی سلسلہ شروع ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی ملازمتوں میں ان کا جائز اور آئینی حق دلانے کے لیے کمیٹی اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں